پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس 13 جون کو بلانے کا فیصلہ
پنجاب اسمبلی کا بجٹ 13 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر عطاء تارڑ کہتے ہیں کہ صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کو ہٹانے کا فیصلہ بجٹ منظوری کے بعد کریں گے۔
پنجاب حکومت نے بجٹ اجلاس 13 جون کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ بجٹ وزیر خزانہ پیش کریں گے، صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ آٹے پر سبسڈی جاری رہے گی، آٹے کے علاوہ بھی دیگر اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی، بڑے فارم ہاؤسز پر نیا ٹیکس لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔
عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو ہٹانے کا فیصلہ بجٹ منظوری کے بعد کریں گے، چیئرمین نیب کيلئے خالد سلطان اور اخلاق تارڑ کے نام بھی زیرغور ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔