بجٹ میں پیٹرولیم پر لیوی کی مد میں 550 ارب روپے وصولی کی تجویز
حکومت نے نئے مالی سال میں نان ٹیکس ریونیو کی مد میں ایک ہزار 600 ارب روپے سے زائد آمدن کا ہدف مقرر کر دیا۔
پیٹرولیم اور ایل پی جی پر لیوی کی مد میں صارفین سے 558 ارب روپے وصول کيے جائیں گے ۔ جی آئی ڈی سی کے ذریعے 100 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔
بجٹ 2022-23 کیلئے نان ٹیکس آمدن کا ہدف 1626 ارب روپےمقرر کر دیا گیا ۔ صارفین سے550 ارب روپے پیٹرولیم لیوی اور 8 ارب ایل پی جی لیوی وصول کرنے کی تجویز ہے۔
موجودہ مالی سال میں لیوی کی مد میں 610 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن 23 جون تک صرف 135 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق نئے مالی سال میں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 100 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے جو موجودہ مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینے سے 75 ارب روپے زیادہ ہے، اسی طرح گیس ڈیویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 10 ارب روپے اضافے کے ساتھ 40 ارب روپے آمدن کا تخمینہ ہے۔
اگلے مالی سال میں اسٹیٹ بینک کے منافع میں 273 ارب روپے کمی کا خدشہ ہے مرکزی بینک کے منافع کا ہدف 201 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ دستاویز کے مطابق قابل تقسیم منافع سے 105 ارب ، سود کی مد میں 140 ارب ، پاسپورٹ فیس سے 35 ارب اور دیگر نان ٹیکس ریونیو سے 98 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔