کاروباری اوقات کارکم کرنے پر چاروں صوبے متفق

کاروبار کو محدود کرنا خطرناک ترين عمل ہے،تاجر
Jun 08, 2022

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں بازار رات 8 بجے بند کرنے کی تجويز پر چاروں صوبے متفق ہوگئے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں وزرائے اعلیٰ نے توانائی بحران کا مقابلہ کرنے کیلئے وفاق کے اقدامات کی تعریف کی اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے وفاق کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کی۔

سندھ، پنجاب، بلوچستان نے تجارتی تنظیموں سے مشاورت کیلئے2دن کاوقت مانگ لیا، وزرائے اعلیٰ صوبوں میں تجارتی وکاروباری تنظیموں سے مشاورت کریںگے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری اوقات کار کم کرنے پر غور شروع کرديا گيا ہے۔ چيف سيکريٹری سندھ کا کہنا ہے دکانيں صبح 9 سے رات 8 بجے تک کھولنے کی تجويز سندھ کابينہ ميں پيش کروں گا تاہم نئے اوقات کار کا اعلان بزنس کميونٹی کی مشاورت سے کريں گے۔

چيف سيکريٹری سندھ کا کہنا ہے شادی ہالز رات10بجے بند کرنے کی پالیسی نافذالعمل ہے، انتظامیہ کو شادی ہالز رات 10بجے بندکرانے کیلٸے سختی کرنے کا کہوں گا۔

تاجررہنماعتیق میر نے حکومتی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ يہ جوسلسلہ شروع کيا گيا ہے کامياب نہيں ہوسکتا، يہ حکومت کاغلط فيصلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دن ميں بجلی بند نہ ہو تو تجویز پر پرغور کيا جاسکتا ہے۔

عتیق میر کا کہنا تھا کہ اس فيصلے کو رات 10 بجے تک وسعت دينی چاہيے، یہ ممکن نہيں کہ سارا دن لوڈشيڈنگ ہو اور دکانيں8بجے بند ہوجائيں، کاروبار کو محدود کرنا خطرناک ترين عمل ہے۔

اسلام آباد میں رات 10 تک شادی ہالز اور ریسٹورینٹس بند

دوسری جانب اسلام آباد میں رات 10 تک تمام شادی ہالز اور ریسٹورینٹس بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتطامیہ کے اعلامیے کے مطابق بجلی بحران اور مہنگائی کے پیش نظر ہر قسم کی تقریبات رات 10 بجے تک ختم کی جائیں۔

خیبرپختونخوا کا ردعمل

وفاق کے 8 بجے بازار بند کرنے کے فیصلے پر خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ کہتے ہیں کہ رات 8 بجے کاروبار بند کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے سے تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے پر خیبرپختونخوا حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، کوئی بھی فیصلہ تاجروں کو اعتماد میں لئے بغیر نہیں کریں گے۔

شوکت یوسفزئی کا مزی کہنا ہے کہ جب سے يہ حکومت آئی ہے بجلی کيساتھ گیس بھی غائب ہوگئی، حکومت سے مہنگائی کا جن قابو نہیں ہورہا، عوام پریشان ہیں۔

traders

PM SHAHBAZ SHARIF

Business hours

Tabool ads will show in this div