پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں ہورہا، وزیر خزانہ / اوگرا
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ کہتے ہیں کہ حکومت آج (منگل کو) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھارہی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مختلف چینلز پر پیٹرول مزید مہنگا ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کردی، انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا منصوبہ نہیں بنارہی، ‘ایسی خبریں ناظرین کیلئے نقصان دن ہیں’۔
اس سے قبل وزیر خزانہ نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ايم ايف معاہدے کے برعکس پیٹرول پر سبسڈی دی، اگر ہم معاہدے کے مطابق چلتے تو آج پیٹرول 300 روپے کا ہوتا۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی بتایا تھا کہ ملک میں پیٹرول ابھی تھوڑا اور مہنگا ہوگا۔
میڈیا پر یہ خبریں آنے کے بعد کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگنا شروع ہوگئیں اور کئی مقامات پر پمس بند ہونا شروع ہوگئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں مزید 15 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے جارہی ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حالات کے پیش نظر اپنے پچھلے بیان سے متعلق ٹوئٹر پر وضاحت جاری کردی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔
دوسری جانب اوگرا ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک ميں پیٹروليم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے، پیٹروليم مصنوعات کی قيمتيں نہيں بڑھائی جارہیں۔
اوگرا نے آئل مارکيٹنگ کمپنيوں کو پیٹرول پمپس پر مصنوعات کی سپلائی يقينی بنانے کی ہدايت کردی۔
واضح رہے کہ حکومت مئی کے آخری اور جون کے پہلے ہفتے میں 8 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر اضافہ کرچکی ہے جس کے بعد پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 200 روپے سے تجاوز کر گئیں۔