پیٹرول ابھی تھوڑا اور مہنگا ہوگا،مفتاح اسماعیل
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیٹرول پر سبسڈی کی وجہ سے3گنازيادہ خرچہ ہورہاتھا۔ انھوں نے عندیہ دیا کہ پیٹرول ابھی تھوڑا اور مہنگا ہوگا۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارے قرضوں ميں بہت اضافہ ہوگيا ہے اور 1 ہزار300ارب روپے کا پرائمری ڈیفیسٹ ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو5600ارب روپے بجٹ خسارہ تھا، رواں سال بجٹ خسارہ ساڑھے 3 سال کے بجٹ خسارے کے برابرتھا۔
پیٹرول سے متعلق وزیرخزانہ نے کہا کہ گزشتہ حکومت نےآئی ايم ايف معاہدےکے برعکس پیٹرول پرسبسڈی دی،افر ہم معاہدے کے مطابق چلتےتو آج پٹرول300روپے کا ہوتا۔ مفتاح اسماعیل نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں پیٹرول ابھی تھوڑا اور مہنگا ہوگا۔
پاکستان اور روس سے تعلقات پر انھوں نے بتایا کہ حماد اظہر نے30 مارچ کو روس کو خط لکھاتھاکہ پاکستان کو تيل دےديں تاہم روس نے اس خط کا بھی جواب نہيں ديا۔ انھوں نے واضح کیا کہ روس کے ساتھ پاکستان کے کے معاہدے ميں صرف گندم کا ذکر تھا۔
وزیرخزانہ نےبتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور صنعت سمیت تمام سيکٹرزکو ساتھ لے کرچليں گے اور کسی کو نظر انداز نہیں کریں گے۔
مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے 4 سال میں 2 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے اور اس وقت ملک مشکل حالات سے گزررہاہے تاہم سب مل کر مسائل پر قابوپائیں گے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ہميں خوردنی تيل اور گندم امپورٹ کرنا پڑے گی۔