سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم تنظیموں کے 11 دہشت گرد گرفتار
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب بھر میں مختلف آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق صوبے بھر میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کیے گئے۔ اس دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف 7 مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ ترجمانکے مطابق کارروائی کے دوران 49 مشتبہ افراد سے بھی تفتیش کی گئی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ساتھی دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ وہ زیرِحراست دہشت گردوں عبدالرزاق اور ثنا اللہ کو بادامی باغ میں کھوکھر گاؤں کے مکان میں چھپایا گیا بارودی مواد برآمد کرنے کیلئے لے جا رہے تھے کہ فلور مل بادامی باغ کے قریب گھات لگائے چار دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر زیر حراست دونوں دہشت گرد مارے گئے۔
قبل ازیں گزشتہ ماہ مئی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔