پاک فوج کی بھارتی رہنما کے گستاخانہ ریمارکس کی سخت مذمت

یہ اشتعال انگیزعمل انتہائی تکلیف دہ ہے

پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی حکام کے گستاخانہ ریمارکس کی سخت مذمت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار نے بتایا کہ بھارتی حکام کی جانب سے یہ اشتعال انگیزعمل انتہائی تکلیف دہ ہے۔

میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ یہ عمل بھارت میں مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے خلاف انتہائی نفرت کو واضح کرتا ہے اور یہ افسوسناک عمل مسلمانوں کے خلاف شدید نفرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز سلوک رواں رکھا جارہا ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بی جے پی رہنما کی گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ مودی کے نفرت انگیزفلسفہ اقلیتوں کی مذہبی آزادی کوپامال کررہے ہیں، ایسے بیانات مزید تعصب،تشدد اور نفرت کاباعث بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ متنازع بیانات بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتےرجحان کےعکاس ہیں، بی جےپی کو انتہاپسندہندوتوا نظریے سے کنارہ کشی اختیارکرنا ہوگی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے نبی کریم ﷺکی محبت سے بڑھ کر کچھ نہیں، مسلمان نبی کریم ﷺ کی محبت،ناموس کیلئےزندگی قربان کرسکتے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں پر شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی انتہا پسندی کا نوٹس لے۔

واضح رہے کہ بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کےانتہاپسند ونگ کی اہم رکن نوپور شرما کی جانب سے توہین رسالت کی ناپاک جسارت کا ارتکاب کیا گیا جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔

ٹوئٹر پر بائیکاٹ انڈیا کے نعرے بلند ہونے لگے، عرب دنیا کے مسلمانوں نے بھی اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اورسعودی عرب میں بھی یہ ٹرینڈ ٹاپ پررہا۔

واقعے کے خلاف اترپردیش کے ضلع کانپور میں شدید احتجاج دیکھا گیا اور ہڑتال کی گئی۔ مشتعل افراد کی جانب سے پتھراؤ کے واقعات سامنے آئے، پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں 17 افراد کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس معاملے پر روایتی انداز میں مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے اور کسی بھی قسم کی معذرت سے گریز کیا ہے۔

نوپورشرما بی جے پی کے ترجمان کے عہدے پر کام کررہی ہیں اور انہیں نریندر مودی کا انتہائی قریبی سمجھا جاتا ہے۔ بی جے پی نے نوپور شرما کے بیان پر انکی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے جبکہ ان کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

DG ISPR

Tabool ads will show in this div