موبائل صارفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ
موبائل فون صارفین کے تحفظ کیلئے حکومت نے ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم کے مشیر اصلاحات سلمان صوفی کی چیئرمین پی ٹی اے سے مشاورت کے دوران ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کیلئے پالیسی بنانے پر اتفاق ہوگیا، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی صارفین کے ڈیٹا کی رازداری کے قوانین کا فوری جائزہ لے گی۔
فیصلے کے مطابق پالیسی کے تحت صارف کسی بھی کمپنی کو پیغامات بھیجنے سے منع کر سکے گا، اجازت کے بغیر پیغام ملنے پر صارف متعلقہ کمپنی کیخلاف شکایت درج کراسکے گا۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کمپنی موبائل صارف کی مرضی کے بغیر اس کا ڈیٹا بھی کسی اور کو نہیں دے سکے گی۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ شہریوں کی پرائیویسی ایک آئینی حق ہے اور وزیراعظم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو۔
چئیرمین پی ٹی اے وزیراعظم اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کو اس سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر بریف کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں پرائیویسی شہریوں کا بنیادی حق ہے، جس کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔