مریم اورنگزیب کا عمران خان کو مشورہ

عمران خان شہباز شریف کی کارکردگی سے ڈرتے ہیں، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو چپ بیٹھنے اور 2023 تک انتظار کا مشورہ دیدیا۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان شہباز شریف کی کارکردگی سے ڈرتے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ شہباز شریف اسی محنت اورتوجہ سے کام کرتے رہے تو مہنگائی کم ہوجائے گی، انہیں معلوم ہے کہ شہباز شریف معیشت ٹھیک کردیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان کی لگائی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کی آگ شہباز شریف بجھا رہے ہیں، چار سال میں معاشی تباہی اور مہنگائی لانے والا ڈیڑھ ماہ کا حساب مانگ رہا ہے؟، عمران خان چُپ کرکے گھر بیٹھیں اور 2023 میں مزید مسترد ہونے کا انتظار کریں۔

وفاقی وزیرنے کہا عمران خان کو معلوم ہے کہ شہباز شریف تمام ممالک سے پاکستان کے بگاڑے گئے تعلقات ٹھیک کردینگے، انہیں یقین ہے کہ اگر شہباز شریف کو کام کرنے دیا تو وہ پاکستان میں سرمایہ کاری بھی واپس لے آئینگے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ احتساب، ریاست مدینہ اورسازش کے بیانیے دفن ہونے کے بعد عمران خان کا نیا بیانیہ ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی بن گیا ہے، اپنی نالائقی، نااہلی، کرپشن اور سیاسی منافقت کا چہرہ آئینے میں دیکھیں اور پھر تقریر کیا کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا 2014 میں کنٹینر پر بھی نواز شریف، شہباز شریف اور حکومت میں بھی نواز شریف، شہباز شریف، اب پھر کنٹینر پہ نواز شریف، شہباز شریف۔ انہوں نے کہا شہباز شریف ان کی تباہ کی ہوئی معیشت سنبھالیں گے اور آپ کے پھیلائے ہوئے فتنے کا بھی خاتمہ کریں گے۔

پاکستان

INFORMATION MINISTER

PTI

PML N

Tabool ads will show in this div