فرشتہ بی بی قتل کیس کا فیصلہ آگیا، ملزم کوسزائےموت کا حکم
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے فرشتہ بی بی قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم نثار کو سزائے موت کا حکم دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ہمائیوں دلاور خان نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم نثارکو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ مقتولہ فرشتہ بی بی کے لواحقین بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
جمعہ کو عدالت نے فرشتہ بی بی قتل کیس میں ملزم نثار کو سزائے موت کا حکم سنایا۔عدالت نے ملزم پر10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ عدالت نے ملزم کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302 بی اور 364 اے کے تحت سزا سنائی۔
عدالت نے حکم دیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو ایک سال قید کی سزا بھی بھگتنا پڑے گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں سال 2019 میں 10 سالہ بچی فرشتہ بی بی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔
اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طورپر اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ فرشتہ اغواء مقدمے میں تاخیر پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم خان نے انکوائری کی تھی، جس کے بعد تحقیقات کی شفافیت پر معصوم بچی کو انصاف ملا۔
انکوائری میں پولیس کی جانب سے غلفت برتنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تحقیقات میں ایس ایچ او، ڈیوٹی افسر، محرر سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔