آن لائن بس سروس ‘سیول’ نے بھی اپنی سروس بند کردی
آن لائن بس سروس سیول نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کا اعلان کردیا۔
سیول کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ سال 2019ء میں پاکستان میں سروسز کا آغاز کرنیوالی آپریٹنگ ایپ ‘سیول’ نے ملک کے تمام شہروں میں اپنی ٹرانسپورٹ سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 5 جون سے کراچی، اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں اندرون شہر چلنے والی بس سروس بند کردی جائے گی۔
بیان کے مطابق ٹرانسپورٹ سہولت صرف اندرون شہر میں بند ہوگی، مگر ایک شہر سے دوسرے شہر کیلئے ٹرانسپورٹ پر اس بندش کا کوئی اثر نہیں ہوگا، ایک شہر سے دوسرے شہر صارفین کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب رہے گی، اس کے علاوہ ‘بزنس ٹو بزنس’ سروس بھی جاری رہے گی۔
اپنے بیان میں ‘سیول’ نے کہا ہے کہ عالمی معاشی بحران کے باعث ہم پاکستان کے شہروں میں اپنی سروس بند کرنے جارہے ہیں۔
مزید جانیے: کریم نے فوڈ ڈیلیوری سروس بند کرنے کا اعلان کردیا
پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران دو بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کیا گیا، گزشتہ جمعرات کو حکومت نے 30 روپے فی لیٹر نرخ بڑھائے جبکہ آج بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ تاریخ میں پہلی بار 200 روپے کی سطح سے اوپر چلے گئے۔
پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم پاکستان کے معاشی مرکز اور سب سے بڑے شہر کراچی میں یہ ایپ بہت زیادہ مقبول تھی، خاص طور پر دفاتر میں کام کرنیوالی خواتین اس ایپ کو بڑے پیمانے پر استعمال کرتی ہیں۔