جے 10 سی طیاروں سے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، سینیٹ کمیٹی

سینیٹ کمیٹی کو بھارتی دراندازی کے واقعے پر بریفنگ

سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کو9 مارچ کی بھارتی دراندازی کے واقعے پربریفنگ دی گئی۔

کمیٹی نے واقعے سے متعلق بھارتی نااہلی اور بد نیتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا، کمیٹی نے معاملے پر عالمی برادری کے دوہرے معیار کی بھی مذمت کی جنہوں نے پاکستان کے خلاف اس بھارتی کارروائی پر خاموشی اختیار کی۔

کمیٹی نے ملک کو کسی بھی جارحیت سے بچانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں کی بھی تعریف کی۔ کمیٹی کو چین کی جانب سے پاکستان کے دفاع کے لیے دیے گئے جدید J-10C طیاروں کی اسٹریٹجک اہمیت پربریفنگ دی گئی۔

سینیٹ کی دفاعی کمیٹی نے کہا ہے کہ جے 10 سی طیاروں کی شمولیت سے بھارت کے جارحانہ عزائم کو موثر طریقے سے ناکام بنایا جائے گا۔

کمیٹی نے اس موقع پراہم اسٹریٹجک پارٹنر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا چین نے دفاع اور سفارتکاری سمیت تمام شعبوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے۔

کمیٹی کو لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینیٹرز ڈاکٹرشہزاد وسیم، ولید اقبال، ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، رخسانہ زبیری، مشتاق احمد، فیصل جاوید اور کمیٹی کے سیکرٹری حفیظ اللہ شیخ نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ 9 مارچ کو بھارت کی جانب سے فائر ہونے والا ایک میزائل پاکستانی حدود میں جنوبی پنجاب کے علاقے میں آکر گرا تھا جسے پاکستان کی مسلح افواج نے بروقت ٹریس کرلیا تھا۔

واقعے کے وقت فضائی حدود میں بین الاقوامی ایئرلائن کی پروازیں بھی موجود تھیں جو اس میزائل کی زد میں آنے سے بال بال بچی تھیں۔

پاکستان نے اس واقعے پر بھارت سے شدید احتجاج کیا تھا جبکہ بھارت نے اس واقعے کو غلطی قرار دے کر اس کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان

انڈیا

SENATE

Tabool ads will show in this div