کراچی: تیسر ٹاؤن میں اراضی خالی کرانے کیلئے بڑا آپریشن
کراچی کے علاقے تیسر ٹاؤن 43 میں ایم ڈی اے کی جانب سے خالی اراضی پر قبضہ چھڑانے کیلئے آپریشن کیا گیا۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے موجود تھے۔
شہر کے مضافاتی علاقے میں زمین واہگزار کرانے کیلئے ایم ڈی اے کی جانب سے بڑے آپریشن کا آج بروز منگل 31 مئی کو پہلا روز تھا۔
اس دوران 113ایکڑ اراضی پر لینڈ مافیا کے قبضے سے اراضی خالی کرائی گئی۔ ڈی جی ایم ڈی اے سہیل خان کے مطابق 150 سے زائد مکانات اور دیگر پختہ تعمیرات کو توڑا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں 8 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ایم ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ 113ایکڑ سرکاری اراضی پر لینڈ مافیہ کی جانب سے پلاٹنگ کرکے زمین بیچی گئی تھی۔
آپریشن میں ضلع انتظامیہ، اینٹی انکروچمنٹ ، پولیس سمیت دیگر ادارے شامل رہے۔ نقص امن کے باعث پولیس کی بھاری نفری کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
ڈی جی ایم ڈے اے کے مطابق آپریشن سے قبل رہائش پذیر افراد کو نوٹسز فراہم کئے گئے تھے، جب کہ آپریشن کے دوران 113 ایکڑ سرکاری اراضی کو مکمل خالی کرایا جائے گا۔