اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل چوتھے روز بھی برقرار

کے ایس ای100انڈیکس میں مزید 178پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے ایس ای100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 43 ہزار 257 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد میں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان آخر تک غالب رہا۔

پیر کو کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 178.69پوائنٹس کے اضافے سے43040پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے نتیجے میں سیاسی غیر یقینی صورتحال اور معاشی ایشوز کی وجہ سے پیر،منگل اور بدھ کو شدید مندی ریکارڈ کی گئی تھی لیکن بدھ کو آخری اوقات میں شروع ہونے والی ریکوری کا سلسلہ جمعرات اور جمعہ کو بھی برقرار رہا۔

اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ بجٹ اور آئی ایم ایف معاملات کے پیش نظر آئندہ دنوں بھی مارکیٹ معتدل رہے گی۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی رپورٹ کے مطابق پیر کو مجموعی طور پر 335کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 179کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی، 138 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے باجود مہنگے شیئرز کے نرخ بڑھنے کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 19ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

پیر کو حصص کی لین دین کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کی گرمجوشی جمعہ کی نسبت کم رہی جس کی وجہ سے کاروباری حجم جمعہ کی نسبت 64.47فیصد کم رہا۔

جن کمپنیوں کے شیئرز کی نمایاں خرید وفروخت ہوئی ان میں ٹی پی ایل،پاک ریفائنری،سی نیرجیکو،غنی گلوبل،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ،ورلڈ کال ٹیلی کام،پاک پٹرولیم،پاک الیکٹران اور ٹیلی کارڈ شامل ہیں۔

PSX

100 Index

Tabool ads will show in this div