اسرائيل کا دورہ کرنے والا پی ٹی وی اینکر ملازمت سے فارغ
اسرائيل کا دورہ کرنے والے پی ٹی وی کے اینکر کو ملازمت سے فارغ اور آف ائیر کر دیا گیا ہے۔
وزيراطلاعات مريم اورنگزيب کا کہنا ہے مذکورہ اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔ فلسطین کی حمایت کی پاليسی ميں تبدیلی آئی ہے نہ آئے گی۔
پاليسی بيان ميں وزير اطلاعات نے کہا کہ فلسطین پر ریاستی پالیسی واضح اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے فرامین پر مبنی ہے۔
مريم اورنگزيب کا کہنا تھا کہ عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا، پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان دفترخارجہ نے کسی بھی پاکستانی وفد کے دورہ اسرائیل کے تصور کو مسترد کردیا تھا۔ ترجمان دفترخارجہ نے بیان میں مزید کہا ہے کہ مذکورہ دورے کا اہتمام غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جو پاکستان میں مقیم نہیں ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح و غیر مبہم ہے، ہماری پالیسی میں ایسی کوئی تبدیلی نہیں آئی جس پر مکمل قومی اتفاق رائے نہ ہو۔
ترجمان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے، آزاد، قابل عمل، فلسطینی ریاست اور اسکا دارالحکومت القدس الشریف دیرپا امن کيلئے ناگزیر ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل عالمی عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسرائیلی صدر نے کہا تھا کہ گزشتہ ہفتے ان سے امريکا ميں رہنے والے پاکستانيوں کے ايک وفد نے ملاقات کی جو خوش آئند ہے۔
اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے دو وفود سے ملا جو ميرے نزديک ايک بڑی تبديلی ہے، وفد میں امریکا میں رہنے والے پاکستانی بھی شامل تھے جو پاکستانی ہونے پر فخر کرتے ہيں۔