نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 22 افراد ہلاک

حادثے کا شکار طیارے میں سوار 4 افراد بھارتی جب کہ 3 جاپانی شہری بھی تھے

نیپال میں چھوٹا مسافر طیارہ گرنے سے اس میں سوار تمام 22 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیپال کی فضائی کمپنی تارا ایئر کا چھوٹا مسافر طیارہ اتوار کی صبح پوکھرا سے جامسم جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ طیارے میں عملے کے 3 ارکان سمیت کل 22 مسافر سوار تھے۔

طیارے کا ملبہ ضلع مستانگ کے شہر لارجنگ کے قریب سے مل گیا ہے جب کہ طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

نیپال کے سرکاری میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 4 بھارتی اور 3 جاپانی شہری بھی سوار تھے۔

ریسکیو کے لیے بھیجا گیا ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے پوکھرا واپس آگیا جب کہ فوجی ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکے۔

دریں اثنا نیپال کی فوج اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں پیدل جائے حادثہ کے لئے روانہ ہو گئی ہیں۔

کوہ ہمالیہ کے دامن میں واقع نیپال کا زیادہ تر علاقہ بلند و بالا پہاڑی سلسلوں پر محیط ہے، نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئر پورٹ کو مسافر طیاروں کی لینڈنگ کے حوالے سے مشکل ترین ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔

2018 میں نیپال میں ہی بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا سے آنے والے ایک طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 51 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ اس کے علاوہ 2014 میں بھی ایک طیارے کے حادثے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

air accident

nepal plane crash

Tabool ads will show in this div