کراچی میں فائیواسٹار ہوٹل کی چھت گرگئی، ایک شخص جاں بحق
کراچی میں فائیو اسٹار ہوٹل کے چھت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی تین افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
شہر کے گنجان آباد علاقے میں واقع ہوٹل میں تقریب کے دوران چھت کا اندرون حصہ گرِنے کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے داخلی اور خارجی راستوں پر عام افراد کی آمد و رفت روک دی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون نفیسہ نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ایک نجی کمپنی کی جانب سے ہوٹل میں تقسیم انعامات کی تقریب جاری تھی جس میں سیکڑوں افراد شریک تھے کہ اس دوران چھت کا ایک حصہ گرگیا۔
دوسری جانب پی سی ہوٹل کراچی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور خیرخواہوں کی جانب سے کئے گئے تعاون کے شکر گزار ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے لیے یہ مشکل وقت ہے اور ہم متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کو تعاون فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور تمام متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اسے کلیئر قرار دیا ہے۔ ہوٹل اپنے معززمہمانوں کیلئے کھلا ہے اور پہلے کی طرح اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔