پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

قيمتيں بڑھانے کا فيصلہ رياست کيلئے ضروری تھا،وزیرخزانہ
May 27, 2022

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کرچکے ہیں، آئی ایف ایم پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے تک قرضہ نہیں دے گا۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ايم ايف نے قيمتيں بڑھانے کا کہا تھا مگر قيمتيں بڑھانے کا فيصلہ رياست کيلئے بھی بہتر ہے، قيمتوں ميں اضافے کے بعد آئی ايم ايف سے بات چيت ميں بہتری آئے گی۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ہمارے لئے بارودی سرنگ بچھا کرگئی، سیاسی نقصان ہوتاہے ہوجائے مگر ملک کیلئے یہ فیصلہ لیناضروری ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ جس قيمت پر ہميں پيٹرول مل رہا ہے اس سے 56 روپے کم پر دے رہے ہيں اسلئے شہباز شريف نے بہت بڑا اور مشکل فيصلہ ليا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ قیمت میں اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 179.86روپے ، ایک لیٹر ڈیزل 174.15 روپے اور لائٹ ڈیزل 148.31 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر سستا ہوگا تو چيزيں بہتر ہوں گی، سياست کےلیے رياست ڈوبائيں، يہ فيصلہ درست نہيں ہوگا، نگراں حکومت اگست2023تک آئے گی، شہباز شریف تب تک وزیراعظم رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قطر میں ہونے والے مذاکرات کے بعد عالمی مالیاتی ادارے نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی اور تیل کی مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی طے شدہ معاہدے کے خلاف تھی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عمران خان کا ردعمل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

ٹویٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نااہل امپورٹڈ حکومت نے روس کے ساتھ ہماری کوششوں کو جاری رکھنے کے بجائے پیٹرول اور ڈیزل 30 روپے مہنگا کر دیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پارٹنر بھارت نے روس سے سستا تیل لیا مگر امپورٹڈ حکومت نے روس سے 30 فیصد سستا تیل لینے کی کوشش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت گرانے والے سازشی ٹولے کے اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

Petroleum Price

Tabool ads will show in this div