عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں پر مقدمات

مقدمات میں سیکڑوں نامعلوم افراد بھی نامزدگزشتہ روز
May 26, 2022

ملک بھر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کی لانگ مارچ کی کال پر ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات اسلام آباد کے کوہسار تھانے میں پولیس کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمات میں 39 افراد کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے، ایف آئی آرز میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے عمران خان و دیگر کی ایما پر ر دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کی۔

مقدمات کے متن کے مطابق گرفتار افراد نے عمران خان ،اسد عمر ،علی امین گنڈا پور، علی نواز اعوان اور دیگر کی ایما پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ جناح ایونیو پر میٹرو اسٹشن کو آگ لگائی گئی جبکہ ایکسپریس چوک پر سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے خلاف بھی مقدمات

جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کے وارث خان ، نیو ٹاؤن اور صادق آباد تھانوں میں درج مقدمات کے مطابق ملزمان نے ریلیاں نکال کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی۔ ملزمان نے پنجاب اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کے علاوہ شمس آباد میٹرو اسٹیشن پر توڑ پھوڑ بھی کی۔

فواد چوہدری سمیت 200 ملزمان نامزد

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور ان کےبھائی کے خلاف جہلم کے منگلا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں 3 نامزد اور 150 سے زائد نامعلوم ملزمان شامل ہیں۔

پولیس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے، املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر جرائم سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔

لاہور میں مقدمات کی تفصیل

لاہور کے اسلام پورہ، گلبرگ، شفیق آباد، شاہدرہ اور بھاٹی گیٹ تھانوں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدماتے درج کئے گئے ہیں۔

مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید اقبال، زبیرنیازی، حسان نیازی اور 2 ہزار نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف دہشت گردی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ فیصل آباد گوجرانوالہ اور ملتان سمیت دیگر علاقوں میں بھی تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

Tabool ads will show in this div