پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے ہرادیا
کراچی کے ساؤتھ اینڈ کرکٹ کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکن خواتین ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔
عائشہ نسیم نے 45 رنز کیساتھ ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جس پر وہ مین آف دی میچ قرار پائیں۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیت کیلئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی طرف سے حسینی پریرا 35 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہیں، نیلاکاشی دی سلو نے 21 اور ہرہشٹا ماڈاوی نے 16 رنز بنائے۔ اسکے علاوہ کوئی لنکن کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکی۔
انعم امین، نڈا ڈار، فاطمہ ثنا، ایمن انور، ظوبہ حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے اٹھارویں اوور کی پہلی گیند پر ہدف حاصل کرلیا اور3 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عائشہ نسیم 31 گیندوں پر 45 رنز بناکر سب سے نمایاں رہیں، کپتان بسمہ معروف نے 22، منیبہ علی 17 اورارم جاوید نے 11 رنز بنائے۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان پہلے دو میچز میں کامیابی حاصل کرچکا ہے، تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی ہفتہ کو کھیلا جائے گا جس میں کامیابی کی صورت میں پاکستان سیریز میں کلین سوئپ کرلے گا۔