لانگ مارچ خاتمے پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

کے ایس ای 100 انڈیکس 529 پوائنٹس کے اضافے سے42 ہزار 541.71 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے خاتمے اور معمولات زندگی نارمل ہونے پر سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی حصص خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 529 پوائنٹس کے اضافے سے42 ہزار 541.71 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ بدھ کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق خدشات کے پیش نظر سرمایہ کار گھبراہٹ کا شکار تھے جس کی وجہ سے انڈیکس میں 600پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی لیکن بعد میں لانگ مارچ کے توقعات سے کم شرکاء کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں نے حصص خریداری شروع کی تھی جس سے منفی اثرات زائل ہوگئے تھے اور مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی تھی بدھ کو یہ رجحان زیادہ بڑھا اور سرمایہ کار زیادہ متحرک نظر آئے۔

اسٹاک سرمایہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف مذاکرات کے حوالے سے کوئی مثبت خبر ابھی سامنے نہیں آئی اس معاملے میں بھی بریک تھرو ہونے پر مارکیٹ میں مزید بڑے پیمانے پر تیزی آسکتی ہے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو مجموعی طور پر351 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 263 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 63 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 25 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافے کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 66ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 30فیصد زائد رہا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے دو روز پیر اور منگل کو شدید مندی دیکھنے میں آئی تھی اور دو روز میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1140سے زائد پوائنٹس گر گئے تھے جس میں بدھ اور جمعرات کو تقریباً 600 پوائنٹس ریکور ہوگئے۔

Stock Exchange

PSX

Tabool ads will show in this div