حسن احمد نے ایمن اورمنیب سے متعلق متنازع بیان واپس لےلیا
اداکارحسن احمد نے ایمن خان اور منیب بٹ سے متعلق اپنا متنازع بیان واپس لے لیاہے۔
اداکارحسن احمد کا شمارشوبزانڈسٹری کے سلجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن حال ہی میں انہوں نے آغاعلی اورحنا الطاف کے پروگرام ‘دی کپل شو’ میں ایمن اور منیب سے متعلق متنازع بیان دیا تھا۔
اداکارنے شو میں کھل کر کہا کہ انہیں لگتا ہے ایمن خان اورمنیب بٹ کےسوشل میڈیا فالوورآرگینک نہیں اور پیسے دے کر خریدے گئے ہیں۔
یہ بیان سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوا اور حسن احمد کو جہاں تنقید کا سامنا کرنا پڑا وہیں بیشترصارفین نے ان کے موقف کی تائید بھی کی۔
اس سارے معاملے کے بعد اداکار نے انسٹا پراپ لوڈ کی جانے والی ویڈیومیں اظہارشرمندگی کے ساتھ اپنے الفاظ واپس لیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر اپنا دفاع نہیں کرسکتے اور نہ ہی اپنا دفاع کرنا چاہتے ہیں، انہیں ایسا بالکل نہیں کہنا چاہیے تھا،
ایمن خان اورمنیب بٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں تمام الفاظ واپس لیتا ہوں۔
حسن احمد نے اسی پروگرام میں موسیقار وگلوکاراذان سمیع سے متعلق بھی بات کی تھی ، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ، ‘میں نے اذان سمیع خان کے بارے میں بھی کچھ کہا جو کہ مجھے نہیں کہنا چاہیے تھا، میں وہ تمام الفاظ بھی واپس لیتا ہوں، ہرایک کے پاس اپنے مواقع ہوتے ہیں اورعزت اللہ دینے والا ہے، اس میں میرا کوئی کام نہیں ہے۔ یہ چیزیں صرف حسد اورنفرت ظاہرکرتی ہیں اورہمیں ان سب سے بالاترہونا چاہیے، خصوصا مجھے’۔
جہاں صارفین نے حسن احمد کو اس اقدام پرسراہتے ہوئے تبصروں میں لکھا کہ وہ بڑے دل کے مالک ہیں وہیں ایمن خان نے بھی حسن کی پوسٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، ’ آپ کو یہ نہیں کرنا چاہیے تھا، آپ ایک بہت اچھے انسان ہیں اور میں یہ بات جانتی ہوں’ ۔

صارفین کی بڑی تعدادنے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرنے پرایمن کی تعریف کی۔

ویڈیو کے آخرمیں حسن نے لفظ ‘ان آرگینک’ کے تلفظ میں غلطی کی نشاندہی کا حوالہ دیتے ہوئے بھی کہا کہ آپ لوگوں نے بالکل ٹھیک کہا۔