اسٹاک مارکیٹ میں معمولی اضافہ، سرمایہ کار دوبارہ متحرک

لانگ مارچ سے متعلق خدشات میں کمی پر سرمایہ کار متحرک

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش ںظر کاروبار کے آغاز پر شدید مندی دیکھنے میں آئی تاہم بعد میں مارکیٹ بند ہونے تک 100 انڈیکس میں 63 پوائنٹس کی معمولی ریکوری ہوئی۔

کاروبار کے دوران سرمایہ کار تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار نظر آئے جس کے نتیجے میں کاروبار کے دوران ایک وقت میں کے ایس ای100انڈیکس میں تقریباً600پوائنٹس کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 41356پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

بعد ازاں لانگ مارچ سے متعلق خدشات میں کمی آنے اور نچلی سطح پر آئے حصص کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے خریداری کے سبب منفی اثرات زائل ہونا شروع ہوئے یہاں تک کہ مندی میں گرنے والے تمام پوائنٹس ریکور ہوگئے اور کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 63.34پوائنٹس کے اضافے سے42012پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو مجموعی طور پر294کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 270کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 12کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 12کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے دو روز پیر اور منگل کو مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی تھی اور دو روز میں کے ایس ای100انڈیکس میں 1140سے زائد پوائنٹس گر گئے تھے۔

اسٹاک سرمایہ کار وں کا کہنا ہے کہ اس وقت سرمایہ کار معاشی اور سیاسی صورتحال کو دیکھ کر حکمت عملی وضع کررہے ہیں جس میں معاشی لحاظ سے آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات اہم ہے جب کہ سیاسی طور پر تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو بھی سرمایہ کار اہمیت دے رہے ہیں۔

PSX

PSX update

Tabool ads will show in this div