عمران خان کا بدھ کو ڈی چوک پہنچنے کا اعلان

جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دینگے،تحریک جاری رہےگی،عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بدھ کو ڈی چوک پہنچنے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیں گے تحریک جاری رہے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے منگل کی رات اپنے ایک بیان میں اعلان کیا کہ وہ کل (بدھ کو) ڈی چوک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر روڈ سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا، چاہتا ہوں کہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے بھی لوگ نکلیں۔

عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیں گے تحریک جاری رہے گی۔

اس سے قبل نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ ہے جبکہ سری لنکا کی آبادی بہت کم ہے لیکن اب ہماری قوم بیدار ہوچکی ہے، قوم میں خود داری جاگی ہے، کسی کوتوقع نہیں تھی کہ قوم اس طرح بیدار ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ خوفزدہ ہے، ہماری حکومت میں یہ بھی نکلے تھے، ہم نے کسی کو نہیں روکا تھا، اگر ان کو اجازت تھی تو ہمیں کیوں اجازت نہیں، یہ سارے مجرم ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاہور میں پولیس والے گھر میں کودے تو گھر سےگولی چلادی گئی، رات کی تاریکی میں میرے گھر میں کوئی کودےگا تو دفاع میں کچھ بھی کروں گا۔ مجھے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی ہے لیکن جس نے آپریشن کا حکم دیا اس سے بھی پوچھا جانا چاہیے، پولیس اہلکار کی ہلاکت کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے انہوں نے سمجھا کہ مجھے نکالیں گے تو لوگ مٹھائی بانٹیں گے لیکن لوگ میرے حق میں سڑکوں پر نکلے، پھر بند کمروں میں مجھے مارنے کی سازش ہوئی، ملتان میں جلسے سے پہلے چیف سیکریٹری نے باضابطہ طور پر جانج کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کے پاس اخلاقی قوت نہیں، اس لئے یہ پرانے حربے استعمال کررہی ہیں، یہ سمجھ رہے ہیں راستے بند کرکے لوگوں کو روک لیں گے۔ جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیتے یہ تحریک نہیں رکے گی، میں خود خیبر پختونخوا سے نکلوں گا اور مارچ کی قیادت خود کروں گا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جمہوریت یہ ہے کہ حکومت کا قیام عوام کا حق ہے، جب میں نے انتخابنات کا اعلان کیا تو ایسا منظر نامہ بنایا گیا کہ پارلیمنٹ کو بحال کردیا اور چوروں کو لے آئے، یہ میرے ساتھ نہیں ملک کے ساتھ غداری ہے۔

الیکشن کے حوالے سے حکومتی موقف پر عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت پھنس گئی ہے، پنجاب میں ان کے پاس اکثریت نہیں، یہ الیکشن سے بھاگ گئے ہیں۔ ایسے لوگ کبھی حکومت نہیں چلا سکتے، یہ فیصلے نہیں کرسکتے، یہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملک کو تباہ کررہے ہیں، اگر تمام ادارے اور عوام الیکشن کی طرف نہیں جاتے تو ملک کا نقصان ہوگا۔

PTI

IMRAN KHAN

Tabool ads will show in this div