کیپری سینما کو ہفتے میں 4 دن بند کرنے کا فیصلہ
کراچی کے مشہور ترین سینما گھروں میں سے ایک کیپری سینما نے ہفتے میں چار دن سینما بند کرنے کا اعلان کردیا ۔
کراچی کے کیپری سینما کی جانب سے فیس بک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیپری سینما پیر سے جمعرات تک بند رہے گا کیونکہ شائقین کی تعداد کم ہے اور سینما آپریٹنگ کے اخراجات زیادہ ہیں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سینما جمعہ کے دن سے شو دوبارہ شروع کرے گا اور اسی دن ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کی نئی فلم ٹاپ گن کو اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جبکہ جمعہ تا اتوار روزانہ 4 شوز دکھائے جائیں گے جن ہالی ووڈ اور پاکستانی فلمیں شامل ہیں ۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے فلم پروڈیوسرز عدنان صدیقی، اختر حسین، شازیہ اور رؤف وجاہت، ندا اور یاسر نواز کی درخواست پر 19 مئی کو مختصر حکم نامے میں کہا کہ سینما مالکان موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کے تحت مقامی فلموں کو زیادہ ترجیح دینے کے پابند ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے ملک بھر کے سینما مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ قانون کے تحت مقامی فلموں کے لیے 85 فیصد اسکرینز مختص کریں اور ان کی زیادہ نمائش کی جائے، عدالتی حکم کے مطابق قانون کے تحت سینما انتظامیہ مقامی فلموں کے لیے 85 فیصد جب کہ غیر ملکی فلموں کے لیے محض 15 فیصد اسکرینز مختص کرنے کی پابند ہے۔
مذکورہ مقدمے میں درخواست گزاروں نے وزارت اطلاعات و نشریات، سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر، پنجاب فلم سینسر بورڈ، سندھ بورڈ آف فلم سینسرز، کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان، جے بی فلمز، نیو پلیکس سینماز، سائن پیکس سینماز، سائن گولڈ سینماز، ایچ کے سی انٹرٹینمینٹ اور کراچی ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا تھا۔
عدالت کی جانب سے تمام مدعا عالیان کو حکم دیا گیا کہ وہ مذکورہ کیس کی اگلی سماعت 2 جون تک سینماؤں میں مقامی فلموں کے لیے 85 فیصد اسکرینز مختص کرنے کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ عالمی وباء کرونا کے باعث گذشتہ دو سال کے دوران جہاں ہرشعبہ متاثر ہوا وہیں فلم انڈسٹری کی رونقیں بھی مکمل طورپرماند پڑگئیں تھیں لیکن بالآخرعیدالفطرکے موقع پر 4 اردو اور ایک پاکستانی فلم ریلیز کی گئیں تو فلمی شائقین اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں نے خوشی کا اظہار کیا لیکن فلم پروڈیوسر اور سینما مالکان کے درمیان نوک جھوک اس وقت شروع ہوئی جب ہالی ووڈ فلم ڈاکٹر کو پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا۔