تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کیلئے حکومتی اقدامات؛ سڑکیں بند

پنجاب بھر میں رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے

حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے کئی اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں کی اہم سڑکیں بند کردیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد کی صورتحال

وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جبکہ شہر کے کئی داخلی راستے بند کئے جارہے ہیں، ریڈ زون جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔

اسلام انتظامیہ نے فیض آباد، ایوب چوک، ایکسپریس وے، نادرا چوک اور سرینا چوک کو کنٹینر لگاکر بند کردیا جبکہ ریڈ زون داخلے کیلئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ بحال ہے، دیگر داخلی راستے بھی سیل کردیئے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے میٹرو بس سروس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں نے بدھ کو چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔

پنجاب میں چھاپے اور گرفتاریاں

پنجاب کے مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور سرکردہ کارکنوں کی گرفتاری کیلئے گزشتہ رات سے ہی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک کسی اہم رہنماء کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پنجاب پولیس ذرائع کے مطابق اب تک ایک ہزار 400 کے لگ بھگ کارکن گرفتار کئے گئے ہیں جبکہ مزید کو حراست میں لینے کیلئے تابڑ توڑ چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

نمائندہ سماء کے مطابق لاہور میں بابو صابو انٹرچینج، ٹھوکر نیاز بیگ بند کردیئے گئے ہیں جبکہ جی ٹی روڈ پر بھی شاہدرہ میں کنٹینر لگادیئے گئے ہیں، لاہور سیالکوٹ موٹر وے اور فیصل آباد جانیوالا راستہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

موٹر ویز اور جی ٹی روڈ بند

اسلام آباد پشاور موٹر وے ایم ون کو اٹک کے مقام ہارون پل اور ہزارہ موٹر وے کو شاہ مقصود انٹرچینج کے مقام سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور اور ملتان کے درمیان موٹروے پر شیر شاہ، شاہ شمس، رانگو پل اور شاہ رکن عالم انٹرچینجز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ دریائے جہلم پر قائم پلوں کو بھی مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، لوگ کنٹینرز کے نیچے سے لیٹ کر گزرنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب پنجاب بھر سے اسلام آباد جانے والی مسافر اور گڈز ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے۔

پی سی بی ہیڈ کوارٹر بھی بند

تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے باعث پی سی بی ہیڈ کوارٹر کو بھی بند کردیا گیا ہے، پی سی بی کے ملازم بدھ کو ورک فرام ہوم کریں گے، اس کے علاوہ نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کا دوسرا مرحلہ بھی غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔

Long march

IMRAN KHAN

HAQIQI AZADI MARCH

Tabool ads will show in this div