پاکستانی ڈرامے اب بھارت میں ٹی وی پر دکھائے جائیں گے

چینل زندگی کو ڈی ٹی ایچ کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر دکھایا جائے گا

بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو نے اپنے چینل زندگی کو ڈی ٹی ایچ کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر دکھانے کے انتظامات مکمل کرلیے جس کے بعد اب بھارتی گھروں میں پاکستانی ڈرامے بھی آسانی سے دیکھے جائیں گے۔

زندگی پر ابتدائی طور پر پاکستان کے مشہور ڈراموں زندگی گلزار ہے، کتنی گرہیں باقی ہیں، عون زارا اور صدقے تمہارے جیسے ڈراموں کو نشر کیا جائے گا، جس کے بعد مزید معروف پاکستانی ڈراموں اور شوز کو بھی نشر کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ممکنہ طور پر بعد ازاں ‘زندگی’ ٹی وی پر پاکستانی فلموں اور ویب سیریز کو بھی دکھایا جائے گا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق زندگی کی چیف کریئیٹو افسر شیلجا کیجریوال نے بتایا ہے کہ زی فائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم کو ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹی وی چینل کی طرح چلایا جائے گا اور شائقین گھروں میں بیٹھ کر پاکستانی ڈرامے دیکھ سکیں گے۔

ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی یعنی’ڈائریکٹ ٹو ہوم’کے تحت شائقین کو ڈش اینٹینا نما ایک ڈیجیٹل باکس گھر میں نصب کرنا پڑتا ہے، جو براہ راست متعدد ٹی وی چینلز کے سگنل انٹرنیٹ کی طرح کیچ کرکے ان کی نشریات دکھاتا ہے، اس ٹیکنالوجی کے تحت ایک ڈی ٹی ایچ باکس ایک ٹی وی کے ساتھ منسلک ہوتاہے اور ایک باکس 500 سے زائد ٹی وی چینلز دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کی ہمیشہ سے خواہش رہی تھی کہ کسی طرح پاکستانی ڈراموں کو بھارتی شائقین کے لیے پیش کیا جا سکے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت اور رہن سہن سے مزید مستفید ہو سکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی شائقین زندگی ٹی وی کو مئی کے اختتامی ہفتے سے ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔

خیال رہے کہ زی فائیو کا زندگی چینل پاکستانی شوز اور ترک ڈراموں کے حوالے سے بہت مشہور ہے، پہلے یہ چینل ٹی وی پر تھا لیکن 2017 میں اس کی نشریات آن لائن منتقل ہوگئی تھیں۔

Tabool ads will show in this div