امریکی اسٹاربھی ‘پسوڑی’ کے دیوانے
کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا ہٹ فٹ گانا ‘پسوڑی’ کا جادو ہرگزرتے دن کے ساتھ مزید سرچڑھ کربول رہا ہے، سرحد پار کے بعد اب سات سمندرپارسے بھی گانے کے متوالے اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھارہے ہیں۔
رواں سیزن کے مقبول ترین گانوں میں سرفہرست پسوڑی کو علی سیٹھی اورڈیبیو کرنے والی شائی گل نے گایا، اسپاٹی فائی کے گلوبل وائرل 50 گانوں میں یہ گانا تیسرے نمبر پررہا ۔
کئی بھارتی ستاروں کے بعد معروف امریکی سوشل میڈیا سٹاررکی ایل پونڈ نے بھی سمجھ نہ آنے کے باوجود پسوڑٰی پرزبردست ڈانس کرکے فالوورز کو خوب محضوظ کیا۔
پسوڑی پر ڈانس مووزکرنے والے رکی نے بتایا کہ اس گانے پرڈانس کے لیے مداحوں کی جانب سے درخواست کی گئی تھی۔
مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے والے اس گانے کے بول علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھے اور کمپوزیشن زلفی کی ہے جبکہ موسیقی زلفی اور عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔ پسوڑی پاکستان کی تاریخ میں پہلا گانا ہے جو اتنی کم مدت میں 100ملین بار دیکھا جاچکا ہے۔
رکی اپنے انسٹاگرام پراکثروبیشتر ٹک ٹاک ویڈیوزبنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں جس میں ان کے بچے بھی خوب صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہیں۔
اس سے قبل رکی نے پاکستانی فلمی گانے “ شکر ونڈا وے“ پراپنے بیٹے ڈیلن جے پونڈ کے ساتھ ڈانس ویڈیو شیئرکی تھی اور دلچسپ بات یہ تھی کہ رکی نے وہی اسٹیپس کیے جو اس گانے کی اوریجنل کوریو گرافی میں دیکھے جاسکتے ہیں۔