اسلام آباد، سندھ اور پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

پنجاب میں رینجرز کو بلا لیا گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، سندھ اور پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبے میں دفعہ کا نفاذ دہشت گردی کے تحت کیا گیا ہے۔

کراچی / سندھ

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق صوبے بھر میں دفعہ 144 بیس روز کیلئے نافد العمل رہے گی۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی رہے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں دفعہ 144 دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

حکم نامے کے اجراء کے بعد سندھ بھر میں جلسے، جلوس اور اجتماعات پر پابندی عائد ہوگی۔

اسلام آباد

حکومت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد میں دو ماہ کیلئےدفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ دفعہ 144کا دائرہ ریڈ زون کے ایک کلو میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔

تھرڈ ایونیو، مری روڈ، خیابان سہروردی، جناح ایونیو، ایمبسی روڈ ، سرینہ چوک، ڈھوکری چوک پر بھی دفعہ144 نافذ ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث دیگر اداروں کو بھی ہدایات جاری کردیا ہے۔ اسپتالوں میں ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

پنجاب

پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کیلئے حکومت نے پنجاب بھر میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس دوران اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی، جب کہ 4 سے 5 افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ تشدد کيلئے استعمال ہونے والی چیزوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، مظاہرین پر گیس ماسک رکھنے اور اشتعال انگیز تقاریر کی بھی ممانعت ہوگی۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے جس خونی مارچ کا عندیہ دیاتھا اس کا پہلا شاخسانہ کل لاہور میں دیکھا، ہمیں اطلاعات تھیں یہ اسلحہ لے کر اسلام آباد کا رخ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی نے ہدایات جاری کیں کہ اسلحے سے لیس ہو کر مارچ میں شامل ہوں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لانگ مارچ کس کیخلاف ہے؟حکومت میں تو آپ تھے، کیا لانگ مارچ اپنے خلاف کرنے جا رہے ہیں؟،ملک کو تباہ اور معیشت کا بیڑہ غرق آپ نے کیا، یہ عزت سے اقتدار میں آئے اور نہ ہی گئے، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا ہدف انتشار پھیلانا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان اناپرست آدمی ہیں، عمران خان چاہتے ہیں اقتدار میں نہیں رہا تو افراتفری پیدا کروں، 25 مئی کا انتخاب ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا،آپ ڈھٹائی کے ساتھ انتشار پھیلا رہے ہیں۔

دفعہ 144 کیا ہے؟

پاکستان میں کسی مقصد کے پیش نظر لوگوں کے پرامن اجتماع کا حق ہے۔ جب کبھی کسی اجتماع میں نقض امن کا خطرہ ہو تو حکومت قانون کی رو سے اس قسم کے اجتماع کو ناجائز قرار دے کر روک دیتی ہے۔ اور اس غرض کے لیے حکومت کی طرف سے دفعہ 144 نافذ کی جاتی ہے۔

دفعہ 188 کیا ہے؟

تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت سرکاری حکم نامے کو جان بوجھ کر تسلیم نہ کرنے والوں، سزا یافتہ شخص کے حق میں ریلی نکالنے یا احتجاج کرنے والے افراد کو ایک ماہ قید یا چھ ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

section 144

KARACHI.

TERRORISM.

Tabool ads will show in this div