پولیس مجھے گرفتار کرنے گھر پہنچ گئی، حماد اظہر کا دعویٰ

پولیس دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی رہنماء
May 24, 2022

سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا دعویٰ ہے کہ لاہور پوليس انہیں گرفتار کرنے کیلئے گھر کے باہر پہنچ گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے حماد اظہرکے گھر میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔

نمائندہ سماء کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ پولیس مجھے اور دیگر کارکنوں کو گرفتار کرنے کیلئے میرے گھر پہنچ گئی۔

حماد اظہر کے سیکیورٹی گارڈز نے سماء ٹی وی کو بتایا کہ پولیس دیوار کود کر زبردستی گھر میں داخل ہوئی، گارڈز پر تشدد کیا اور گالیاں دیں۔

سیکیورٹی گارڈز نے پولیس کو بتایا کہ حماد اظہر گھر پر موجود نہیں جس کے بعد وہ واپس چلی گئی۔

فواد چوہدری کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ حماد اظہر کے گھر پر پولیس کا چھاپہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، جو افسران سیاسی کردار ادا کریں گے انہیں نتائج کا سامنا کرنا پڑیگا۔

فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے، پورے پنجاب میں پی ٹی آئی ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف جتنا زور لگا لو ہم رکیں گے نہیں۔

PTI

hammad azhar

Tabool ads will show in this div