عمران خان کا25مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان

سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کیخلاف ہوئی،عمران خان
May 22, 2022

Imran Khan ka fouj ko neutral rahe ne ka mashwara - SAMAATV - 22 May 2022

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

پشاور میں تحریک انصاف کور کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کافيصلہ کیا گیا ہے۔

عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے وہ 25 مئی کو اسلام آباد پہنچیں جہاں وہ دوپہر 3 بجے ان سے سرینگر ہائی وے پر ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی دیر اسلام آباد میں رہنا پڑے گا، رہیں گے، مطالبہ صرف یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے اور اسمبلیاں تحلیل کی جائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ يہ ناانصافی،ظلم کیخلاف جہادہے، ہميں اسمبلی کی تحليل اور اليکشن کی تاريخ کا اعلان چاہيے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ يہ راستے،انٹرنيٹ،پٹرول پمپس بند کرديں گے، کارکنان لانگ مارچ کیلئے پہلے سے تياری کرليں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پوليس،بيوروکريسی اور فوج بھی ہماری ہے، اپنی فوج کو کہتا ہوں نیوٹرل رہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، جس قوم ميں انصاف نہيں ہوتاوہ کبھی ترقی نہيں کرتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست پرامن ہے، ہمارے جلسوں میں ہر طبقے کے لوگ، خواتین آتی ہیں اگر پرامن مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے انٹرنیٹ 2 دن پہلے بند ہوجائے گا، جبکہ پیٹرول، ڈیزل بھی بند کرنے کی اطلاعات ہیں، شہری پیٹرول اور ڈیزل کی بھی پہلے سے تیاری کرلیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف امریکی سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کیخلاف ہوئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ملک کی بہتری کے لئے آزادخارجہ پالیسی کی کوشش کررہا تھا مگر سازش کی ذریعے ان لوگوں کو لایا گیا، یہ میری نہیں 22 کروڑ عوام کی توہین ہے، ہماری حکومت گرا کر اپنے آدمی لگا کر کیسز ختم کرنے کی کوشش کی گئی، 24 ارب کے ایف آئی اے کے نیب کیسز میں سزا ہونا تھی مگر وہ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ بن گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے ساتھ کيا ہوا ساری قوم کے سامنے ہے، کہا جارہا تھا یہ تجربہ کار لوگ ہيں مگر اب پتا چلا کہ تجربہ کرپشن ميں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا تجربہ معیشت میں نظر آگیا، روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ گرگیا، ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا اور اب مزید مہنگائی ہونی ہے، آج انکے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہيں ہے ، فيصلےکرتے ہوئے ڈرتےہيں، مفرورشخص باہر سے فيصلے کررہا ہے، 60فيصد کابینہ ضمانتوں پر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دورہ روس سب سے متفق ہو کر کيا تھا مگر 22 کروڑ عوام کے ملک کوٹشو پيپر کی طرح استعمال کياگيا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کوسزا ہونی تھی مگر سازش کے تحت ان کےکیسز کو تاخیر کا شکار کیا گیا۔

PTI

ImranKhan

Tabool ads will show in this div