شیخ رشید نے بھی اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا

مارگلہ تھانے میں 22 افراد کے قاتل کے خلاف درخواست جمع کرادی ہے، شیخ رشید

سابق وزیر اعظم عمران خان کے بعد ان کے اہم اتحادی شیخ رشید احمد نے بھی اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے وڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پولیس کے ذریعے پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کیے گئے، یہ پہلی قسط ہے،دوسری قسط آنے والی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ چور یہ سمجھتے ہیں ایف آئی اے میں اپنا پراسیکیوٹر لگا کر حمزہ اور شہباز شریف پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دیں گے، یہ ان کی بھول ہے، تھوڑے دن انتظار کریں، 31 مئی تک اہم فیصلے آئیں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے مارگلہ تھانے میں 22 افراد کے قاتل کے خلاف درخواست جمع کرادی ہے، یہ مجھے قتل کرانا اور ملک میں انتشار چاہتا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی عظیم فوج اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی، یہ جو سوچے بیٹھے تھے اس جال میں خود پھنس گئے ہیں، آصف زرداری نے ن لیگ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ان کو لکشمی چوک میں مارا ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا ہے کہ ہمیں پتہ ہے کہ پیر کو موجودہ حکومت کے اتحادیوں کے اجلاس میں کیا ہوگا، انہوں نے ان ہی اداروں سے مدد کی بھیک مانگی ہے جن کے خلاف انبہوں نے 14 بار بدزبانی کی۔ انہوں نے ڈیڑھ سال کی گارنٹی مانگی ہے جو کہ نہیں دی گئی، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ مہنگائی کا ملبہ فوج پر ڈال دیا جائے۔

Sheikh Rashid

pmln

PTI

Tabool ads will show in this div