شہباز، زرداری ملاقات، وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار

باہمی تعاون سے ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق

سابق صدر آصف علی زرداری نے پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت بچانے کیلئے کوششیں تیز کردیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے کیس پر فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین کی اسمبلی رکنیت ختم ہوگئی، فیصلے کے نتیجے میں حمزہ شہباز کی پنجاب میں وزارت اعلیٰ شدید خطرے میں ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نے جمعہ کو مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی میں 10 اراکین کی حمایت سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔

آصف زرداری نے آج (ہفتہ کو) لاہور میں وزيراعظم شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔

شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، صوبے کے حالات اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم اور آصف زرداری کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق ملاقات میں اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں سینئر حکومتی وزراء، ن لیگ کے رہنماؤں اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے شرکت کی، جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی گفتگو اور مشاورت کی گئی۔

پیپلزپارٹی کی قیادت اور رہنماؤں کی جانب سے موجودہ حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ باہمی تعاون سے ملک کی معیشت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔

ASIF ALI ZARDARI

IMRAN KHAN

ShahbazSharif

HAMZA SHEHBAZ

Tabool ads will show in this div