کراچی: منگھوپیر میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
کراچی میں منگھوپیر کے علاقے پیر آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
علاقہ مکین کہتے ہیں پراپرٹی کا کام کرنیوالے حیات خان پر خلیل اور چمن نے حملہ کیا، جوابی فائرنگ میں دونوں حملہ آور بھی مارے گئے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں پیرآباد چاکی ہوٹل کے قریب پراپرٹی ڈيلر حیات خان جنرل اسٹور کے پاس بیٹھا تھا، جب اس پر رکشہ میں سوار ہوکر آنے والے خلیل الرحمان اور چمن نے فائرنگ کردی، اسی دوران زخمی حیات خان نے بھی اپنی پستول سے فائرنگ کرکے دونوں حملہ آوروں کو قتل کردیا۔
حيات خان کی فائرنگ سے قتل ہونیوالا خليل بھی پراپرٹی سے وابستہ تھا جبکہ مقتول چمن خان کے رشتہ دار کے مطابق وہ رکشہ ڈرائیور تھا اور سواری چھوڑنے پیرآباد گیا تھا۔ پوليس کے مطابق حیات خان اور خلیل الرحمان کا کسی بات پر تنازعہ چل رہا تھا، جس کا اہلخانہ کو بھی علم نہیں تھا جبکہ پوليس کو جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی ملا ہے۔
نمائندہ سماء کے مطابق مقتولین کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں۔
مقتول حیات خان کے بھائی کا دعویٰ ہے کہ حیات خان ریئل اسٹیٹ کا کام کرتا ہے، ایک سائٹ دیکھنے گیا تھا، جہاں دو ملزمان نے فائرنگ کی۔

مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ بھائی نے بھی اپنے لائسنس یافتہ اسلحہ سے جوابی فائرنگ کی، جس سے دونوں حملہ آور بھی مارے گئے۔