راجہ ریاض قومی اسمبلی ميں قائد حزب اختلاف مقرر

اسپیکر قومی اسمبلی نے حکمنامے پردستخط کر دیے

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی راجہ ریاض کو قائد حزب اختلاف مقرر کردیا۔

قومی اسمبلی میں 16 اراکین نے راجا ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر حمایت کی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے حکمنامے پردستخط کر دیے۔

اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے جمعہ کے دن دو بجے تک اپوزیشن لیڈر کے لیے حامی ارکان کے دستخطوں سے درخواستیں طلب کی تھیں۔

راجہ ریاض نے 16 اراکین قومی اسمبلی جبکہ جی ڈی اے کے غوث بخش مہر نے 6 اراکین کے دستخط سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے راجہ ریاض کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق راجہ ریاض کو اسمبلی رولز کے رول 39 کے تحت اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے کامیابی بعد تحریک انصاف کی جانب سے بڑی تعداد میں استعفے دینے کے اعلان کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی نشست خالی تھی۔

تحریک انصاف کے 123 مستعفی اراکین کے علاوہ 20 منحرف اراکین اس وقت بھی قومی اسمبلی میں موجود ہیں جنہوں نے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے وقت متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دیا تھا۔

Raja riaz

Tabool ads will show in this div