ڈولی کی عبوری ضمانت منظور

ٹک ٹاکرکیخلاف مارگلہ ہلزپرآگ لگانےکاالزام ہے

اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے مارگلہ ہلز پر آگ لگانے کے الزام میں ٹک ٹاکرڈولی کی عبوری ضمانت منظورکرلی ۔

ڈولی تین روزقبل وائرل ویڈیو میں ایک جلتی ہوئی پہاڑی کے سامنے بنائی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیومیں دکھائی دی تھیں۔

سی ڈی اے کے انوائرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی درخواست پر ڈولی کیخلاف کوہسار تھانے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ڈولی نامی ٹک ٹاکر جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروا رہی ہیں، انکیخلاف لینڈ اسکیپ ایکٹ 1966ء فاریسٹ ایکٹ 1927، وائلڈ لائف ایکٹ 1979، انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ 1997ء اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے’۔

ایف آئی آر کے بعد ڈولی نے نئی ویڈیواپ لوڈ کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ آپ بل بورڈ سے واضح طورپردیکھ سکتے ہیں کہ یہ جگہ موٹروے ہے نہ کہ نیشنل پارک کوہسار، ویڈیومیں موجود شخص کی بات کوغورسے سنیں تا کہ آپ حقیقت جان سکیں۔ ٹک ٹاکر نے قبل از گرفتاری ضمانت کے لیے درخواست بھی دائرکی تھی۔

ویڈیومیں موٹروے کے کنارے موجود جنگل میں آگ لگی دکھائی دے رہی ہے، ویڈیومیں موجود شخص ڈولی کے استفسارپربتاتاہے کہ یہ آگ انہوں نے اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے لگائی ہے کیونکہ یہاں سے کافی بڑے بڑے سانپ نکلتے ہیں جو آگ لگانے پرپھریہاں کا رخ نہیں کرتے۔

ڈولی کی درخواست ضمانت پر ضلعی عدالت نے 27 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں۔

وکیل دفاع کی استدعا پر عدالت نے 35 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے مقررکیے۔

دوسری جانب ایسی ویڈیوز سامنے آنے پر وائلڈ لائف بورڈ نے 4 ملزمان کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک ٹک ٹاکر کو ایبٹ آباد سے گرفتارکیا تھا ۔ویڈیوز ٹھوس ثبوت کی صورت میں سامنے آئیں جن میں ٹک ٹاکرز کو دیا سلائی سے جنگل میں آگ لگاتے ہوئے صاف دیکھا جاسکتا ہے۔

اس تنازع کے بعدچینی ایپ ٹک ٹاک کی جانب سے بھی ایسا مواد تخلیق کرنے والوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاگیا کہ خطرناک مواد یا غیر قانونی رویے کی تشہیر پلیٹ فارم کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے، ایسی خطرناک سرگرمیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ویڈیوز کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ترجمان ٹک ٹاک نے مزید کہا کہ ہم ہر کسی کو اپنے رویے میں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

MARGALLA HILLS, FIRE, DOLLY,

Tabool ads will show in this div