پی ٹی آئی منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس،الیکشن کمیشن آج فیصلہ سنائے گا

الیکشن کمیشن نے منگل کے روز فیصلہ محفوظ کیا تھا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

امکان ہے کہ الیکشن کمیشن آج بروز جمعہ 20 مئی کو دوپہر 3 بجے فیصلہ سنا سکتا ہے۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس بھیجا تھا، جس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد منگل کو محفوظ کیا تھا۔

جن 25 ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنسز پیش ہوئے ان میں ملک غلام رسول، سعید اکبر خان، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر احمد چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان اور زوار حسین وڑائچ شامل ہیں۔

ریفرنس میں محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسیح، محمد سبطین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات کے نام بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے پاس فیصلہ سنانے کیلئے آج آخری روز ہے، عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ارکان کے خلاف ریفرنس پر 30 روز میں فیصلہ سنانے کا پابند کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس بھیجا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران تحریک انصاف کا موقف تھا کہ منحرف ارکان نے پارٹی فیصلے کے برعکس حمزہ شہباز کو ووٹ دیا۔ جس کے بعد وہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے اس لیے انہیں ڈی سیٹ کیا جائے۔

منحرف ارکان کا مؤقف تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے حوالے سے تحریک انصاف نے انہیں کوئی ہدایات جاری ہی نہیں کی تھیں۔ اس لیے انہیں ڈی سیٹ نہیں کیا جا سکتا۔

ماہرین کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

اگر الیکشن کمیشن تکنیکی بنیادوں پر ارکان کو ڈی سیٹ نہیں بھی کرتا تب بھی ان کا کاسٹ کیا گیا ووٹ اپنی اہمیت کھو چکا ہے اور حمزہ شہباز شریف ایوان میں قائد ایوان کے لیے درکار اکثریت کھو چکے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف فریقین سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں، جو حتمی فیصلہ تصور کیا جائے گا۔

ECP

PTI

ELECTION COMMISSION

PUNJAB ASSEMBLY

Tabool ads will show in this div