پی این ایس بدرکی لانچنگ تقریب،وزیراعظم اورترک وزیردفاع کی شرکت

دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر بھی دستخط

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی شپ یارڈ میں ملجم کلاس جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی، تقریب میں ترکی کے وزیر دفاع بھی شریک ہوئے، ترکی کے تعاون سے چار جہاز تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔

کراچی شپ یارڈ میں منعقد کی گئی تقریب میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرچیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے علاوہ ترکی کے وزیر دفاع سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شریک کی۔

جہاز ترکی کے ایم ایس اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے۔

تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔ وزارت دفاعی پیداوار اور ترکی کے معاہدے کے تحت دو کارویٹس جہازوں کی تعمیر کی گئی ہے، دو کارویٹس جہازوں کی تعمیر پاکستان اور دو کی تعمیر ترکی میں کی جا رہی ہے۔

یہ چاروں جہاز اس وقت تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی عسکری اور آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم کا خطاب

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میں سربراہ پاک بحریہ، ترک کمپنی اور شپ یارڈ کے عملے کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی این ایس بدر کی لانچنگ سے پاک ترک تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، پاکستان اور ترکی ایک قوم ہیں جو دو مختلف ملکوں میں رہتی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق کرونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ملکوں کی بڑی کامیابی ہے، سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے۔ جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا، قدرتی آفات میں ترکی نے ہمیشہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اور وزیر دفاع بھی تقریب میں موجود تھے۔

ملجم کلاس جہاز

پاک بحریہ کیلئے 4 ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ ستمبر 2018 میں پاک بحریہ اور ایم ایس اسفات ترکی کے مابین طے پایا گیا تھا۔ معاہدے میں طے پایا گیا تھا کہ 2 جہاز ترکی میں، جب کہ 2 پاکستان میں تعمیر کیے جائیں گے۔

پی این ایس بدر

اس سلسلے کے پہلے جہاز پی این ایس بابر کی لانچنگ اگست 2021 میں استنبول ترکی میں کی گئی۔

پی این ایس بدر اس معاہدے کے تحت مقامی طور پر تعمیر کیا جانے والا پہلا جہاز ہے۔ مقامی سطح پر جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر ملکی شپ بلڈنگ اور ڈیزائننگ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

ملجم جہاز دوسروں سے منفرد کیوں؟

بحری ملجم کلاس جہاز جدید ترین سینسرز اور ہتھیاروں سے لیس ہے، جو پاک بحریہ کی دفاعی اور حربی صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بنیں گے۔

ملجم کلاس جہاز زیر آب، سطح آب اور فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم اور جدید جنگی نظام سے لیس ہیں۔ یہ کارویٹس پاک بحریہ کی دفاعی اور حربی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے۔

ملجم کلاس جہاز پاک بحریہ کی کائی نیٹک صلاحیتوں میں بھی اضافہ کریں گے۔ بحر ہند میں امن واستحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

دورہ کراچی میں وزیراعظم کی مصروفیات

شپ یارڈ تقریب کے بعد وزیراعظم تاجروں اور (ن) لیگ کے وفود سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں ميں بجٹ سے متعلق دی جانے والی تجاويز، ڈالر ريٹ ميں اضافہ اور معاشی صورت حال پر بات چيت ہوگی۔

وزيراعلیٰ سندھ امريکا ميں موجود ہونے کے باعث ملاقاتوں کاحصہ نہيں ہونگے۔

دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر بلائے گئے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریںگے۔

سیکیورٹی حکام کی جانب سے وزیراعظم کو حالیہ عرصے میں کراچی میں ہونے والے 3 بم دھماکوں سے متعلق اپنی ابتدائی رپورٹس بھی پیش کریں گے۔

MQM

KARACHI VISIT

SHAHBAZ SHARIF.

Tabool ads will show in this div