سابق وزیراعظم عمران خان کے دورۂ روس کا دفاع کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری

ایڈ نہیں ٹریڈ بڑھانے کی حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں، بلاول

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ بڑھانے کی حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان کے دورۂ روس کا دفاع کرتا ہوں، انہوں نے اپنی خارجہ پالیسی کے تحت روس کا دورہ کیا۔

نیویارک میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ بڑھانے کی حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں، نئی حکومت کی خارجہ پالیسی تھوڑی تبدیل ہے، بات چیت پر یقین رکھتے ہیں، کسی سے دشمنی نہیں ہر ایک سے دوستی چاہتے ہیں، امریکا کو پاکستان کے ساتھ مستقبل بنیادوں پر تعلق رکھنا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے حوالے سے پاکستان امن کا خواہاں ہے، سابق وزیراعظم عمران خان نے روس کا دورہ اپنی خارجہ پالیسی کے تحت کیا، ان کے دورۂ روس کا دفاع کرتا ہوں، پاکستان کو گندم کی کمی ہوئی تو جہاں سے اچھا سودا ہوگا منگوائیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو انسانی بحران درپیش ہے، افغانستان سے بڑے پیمانے پر پناہ گزینوں کی آمد کا خدشہ ہے، افغان بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں درکار ہیں، محدود وسائل کے باوجود افغانستان اور یوکرین کی انسانی بنیادوں پر مدد کی۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا ہے کہ انتہاء پسندی کے چیلنجز سے نمٹنا ہماری ترجیح ہے، انتہاء پسندی اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان مرتبہ کیا گیا، افغانستان کی حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال ہونے نہیں دے گی، دنیا میں خوشحالی آئی ہے تاہم تنازعات اور غربت پر قابو پانا لازم ہے، فوڈ سیکیورٹی صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا بھر کا مسئلہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور ظلم ہورہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل کی ضرورت ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم جاری ہیں۔

خواتین کے حقوق اور تعلیم سے متعلق انہوں نے کہا کہ بطور وزیرخارجہ خواتین کے حقوق اور ان کی تعلیم تک رسائی کا حامی ہوں۔

ukraine

IMRAN KHAN

RUSSIA

USA

bilawal bhutto zardari

Tabool ads will show in this div