ن لیگ کو حکومت چھوڑ دینی چاہئے، مریم نواز

عمران حکومت گرا کر 12سالہ منصوبہ ناکام بنادیا، نائب صدر ن لیگ

PML-N Jalsa in Sargodha - Maryam Nawaz & Hamza Shahbaz Speech - PML-N Power Show

مریم نواز کہتی ہیں کہ عمران خان کی لائی ہوئی تباہی کا ٹوکرا مسلم لیگ ن کو اپنے سر رکھنے کی ضرورت نہیں، ایسی حکومت کو خیرباد کہنا بہتر ہے، عوام کے میدان میں آجاؤ اور مقابلہ کرلو، ہم نے عمران خان کی حکومت گرا کر اس کا 12 سالہ پلان فیل کردیا، وہ اگلے الیکشن میں بھی ڈاکہ ڈالنے کی تیاری کرچکا تھا۔

سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ جس کو کہتے تھے تمہاری سیاست ختم ہوگئی، آج اسی نواز شریف کو کہہ رہے ہیں، واپس آجاؤ تمہاری ضرورت پڑگئی، نواز شريف نے دن رات عوام کی خدمت کرکے دکھائی۔

ان کا کہنا ہے کہ 2013ء میں 20، 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی، نواز شريف اور شہباز شريف نے تین سال میں لوڈشيڈنگ کے اندھيرے مٹاديئے تھے، پاکستان کی بجھتی ہوئی روشنياں واپس لائے، معيشت نے ترقی کرنا شروع کردی، موٹروے کے جال بچھا ديئے۔

مریم نے مزید کہا کہ 2018ء میں ایک کھلنڈرے، اناڑی اور نالائق کو عوام پر مسلط کردیا گیا، ساڑھے 3 سال ميں معيشت تباہ ہوگئی، لوڈشيڈنگ واپس آگئی، معیشت وینٹی لیٹر پر چلی گئی، مہنگائی کے بوجھ تلے عوام کو دبا دیا گیا، نواز شريف نے 3 سال ميں ملک کو کھڑا کيا، نالائق نے 4 سال ميں تباہ کرديا، کیا یہ سب کچھ 4 ہفتوں میں ٹھیک ہوسکتا ہے؟۔

ن لیگی نائب صدر کا کہنا ہے کہ چار ہفتوں میں عمران خان چالیس تقریریں کرچکا، ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پر نہیں بول سکا، وہ ازل کا جھوٹا ہے، پہلے 35 پنکچر پھر جھوٹے خط، پھر غير ملکی سازش کا ڈرامہ آيا لیکن کسی کا بھی ثبوت نہيں ديا، آخری ڈرامہ کرکے کہتا ہے مجھے قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے، بولتا ہے کہ ثبوت الماری ميں چھپا کر رکھے ہيں، اپنے بچوں کو بھيج ديے ہيں، پاکستان کے عوام کے پاس تمہارے خلاف بڑے بڑے ثبوت ہيں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ آلو پیاز کی قیمت کیلئے نہیں آیا، نواز شريف آلو پياز کے ريٹ ٹھيک کرنے آيا ہے، نواز شريف کيلئے کسی بھی چيز کی قيمت ايک روپے بڑھانا بھی مشکل ہے، نواز شريف کہتا ہے حکومت چھوڑدوں گا ليکن عوام پر بوجھ نہيں ڈالوں گا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی لائی ہوئی تباہی کا ٹوکرا مسلم لیگ ن کو اپنے سر رکھنے کی ضرورت نہیں، ن لیگ کو ایسی حکومت کو خیرباد کہنا بہتر ہے، عوام کے میدان میں آجاؤ اور مقابلہ کرلو۔ انہوں نے عوام سے آئندہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت دینے کا مطالبہ کردیا۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ ہم سے پوچھا جائے گا کہ ایک ماہ کیلئے حکومت میں کیا کرنے آئے تھے، ہم حکومت میں اس لئے آئے کہ عمران خان اپنے شریک جرم کے ساتھ اگلے الیکشن میں بھی ڈاکہ ڈالنے اور اچک کر لے جانے کی تیاری کرچکا تھا، عمران خان کی حکومت گرا کر اس کے 12 سال کے پلان کو فیل کردیا، اب تم چاہے اپنے بال کھینچو، دانت پیسو، چاہے الٹے لٹک جاؤ عمران خان تمہارا کھیل ختم شد۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان تم نے مريم نواز نہيں، پنجاب کی ہر بیٹی کو گالی دی، عمران خان ايک فتنے کا نام ہے، اس کی پرورش نہيں اسے روکنا چاہئے، جب تک يہ فتنہ موجود ہے پاکستان کبھی ترقی نہيں کرسکتا، يہ وہ فتنہ ہے جس کا دوسرا نام پاکستان کی تباہی ہے، تمام اداروں کا فرض ہے اس فتنے کو روکيں۔

IMRAN KHAN

MARYAM NAWAZ

Nawaz Shariff

Tabool ads will show in this div