پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، جنرل قمر جاوید باجوہ

شہیدوں کی قربانی کی وجہ سے ملک میں امن ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Breaking News - Pakistan ko koi nuqsan nahin pohncha sakta - Army Chief - SAMAATV

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کی تقریب سے خطاب کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم یہاں بہادر جوانوں کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہیں، یہ پاکستان جو آج محفوظ ہے۔جہاں ہم رات کو آرام سے سوتے ہیں۔ یہ ان ہی آفیسرز، جے سی اوز اور جوانوں کے خون کی قُربانی کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ ہمارے اصل ہیرو یہ ہمارے شہید ہیں، یہ ہمارے غازی ہیں اور جو قومیں اپنے شہیدوں کو یا ہیروز کو بھول جاتی ہیں، وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں۔ شہید کا نام رہتی دُنیا تک ہمیشہ چمکتا رہے گا۔اُس نے دُنیا میں بھی اپنا نام کمالیا اور آخرت میں بھی اپنا نام کما لیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کوئی قوم اور ملک اپنے شہداء کی قربانی کا صِلہ پیش نہیں کر سکتا۔ کوئی مادی قوت، دولت یا پیسہ اُس کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہداء کے ورثاء ، اُن کے خاندان ،بیواؤں اور والدین کی دیکھ بھال کریں جو انشاء اللہ ہم کریں گے۔ لیکن میں یہ مانتا ہوں کہ کوئی بھی دیکھ بھال اور کوئی بھی مراعات شہادت کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، والد اور والدہ کو اُن کا روز یاد آئے گا۔ ایک بیوہ جس کا شوہر اُس کے ہاتھ سے چلا گیا اور وہ بچے جن کے سر سے باپ کی شفقت اُٹھ گئی ہے، اُن کو بھی اُس کی کمی ضرور محسوس ہو گی اور اس کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ یہ ملک آپ لوگوں کی قُربانیوں کی وجہ سے زندہ ہے اور میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ لوگوں کی قُربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے۔یہ فوج ہی ہے جو صُبح سے لیکر شام تک پاکستان کے ہر چپہ، کیا سیلاب ہو، کیا طوفان ہو، کیازلزلہ ہو یا کووڈہو۔ہر جگہ فوج آپ کو ملے گی۔ کوئی حادثہ ہو فوج بتائے بغیر وہاں پر پہنچ جاتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کل بلوچستان میں ہیضہ پھیلا ہوا ہے، وہاں پانی کی کمی ہے اور میرے بتائے بغیر وہاں پر فوج پہنچ کر اُن لوگوں کی خدمت کر رہی ہے، صاف پانی مہیا کر رہی ہے اور ہم اپنی اس خدمت پر، اس کام پر ہم اپنا فخر محسوس کرتے ہیں۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دُنیا مجھے کہتی ہے کہ یہ واحد فوج ہے جس نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا ہے۔تو وہ یہ کیا کہتے ہیں کہ کیسے کیا آپ نے، باقی ملک فیل ہو گئے۔تو یہ کیا وجہ ہے کہ پاکستان میں ایسی کیا خوبی ہے؟ تو میں ہمیشہ بتاتا ہوں کہ ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو اپنے لختِ جگر، ہماری ایسی بہنیں ہیں جو اپنے شوہر اور ایسے بچے ہیں جو اپنے والد اس ملک پر قُربان کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں اور جب تک ایسی ہماری مائیں اور ہماری بہنیں موجود ہیں۔تو مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

Pakistan Army

pak army

COAS General Qamar Javed Bajwa

Tabool ads will show in this div