گندم خریداری کا ہدف حاصل کرنے میں ناکامی، وزیر اعظم برہم
وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری کے لیے دئیے گئے اہداف پورے نا کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درآمدی گندم کی شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کرنے کی فوری ہدایت کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری کے لیے دئیے گئے اہداف پورے نا کرنے پر شدید برہمی کا اظؓہار کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ صوبے یکم جون تک گندم خریداری کے اہداف پورے کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گزشتہ کابینہ اجلاس میں ملک میں گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور صوبائی و قومی سطح پر کھپت کے حوالے سے غور کیا گیا تھا، اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال گندم کی مجموعی پیداوار کا ہدف دو کروڑ 29 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا تھا۔
اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ رواں برس ملک میں گندم کی پیداوار دو کروڑ 26 لاکھ میٹرک ٹن مجموعی کھپت 3 کروڑ میٹرک ٹن ہوگی۔ ضرورت کے مقابلے میں گندم کی کم پیداوار کی وجہ سے وفاقی کابینہ نے ملک میں 30 لاکھ گندم کی درآمد کی منظوری دی تھی۔
اب وزیر اعظم نے بیرون ملک سے منگوائی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو کسی صورت مشکل میں نہیں ڈالا جا سکتا، کسی قسم کی کمی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا،وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ملک میں دو کروڑ 28 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی پیداوار ہوئی تھی، اس کے باوجود 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی تھی۔