کراچی،کورنگی میں باراتیوں کی بس کو حادثہ،7افراد جاں بحق،6زخمی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : کورنگی کے علاقے میں باراتیوں کی بس اس وقت اندوہناک حادثے کا شکار ہوگئی جب ایک پل پر لگے رکاوٹی بیم سے ٹکراگئی۔ حادثے میں سات افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔
افسوس ناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس کم روشنی کے باعث پل پر لگے رکاوٹی بیم سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دلہن کے والد اور بہن سمیت پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں چھ افراد زخمی بھی ہوگئے، جنہیں جناح اسپتال پہنچادیاگیا۔ زخمیوں کے اسپتال پہنچنے پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
دلہن کے رشتہ دار اس ناگہانی آفت سے اپنوں کے کھوجانے پر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس میں پچاس سے پینسٹھ افراد سوار تھے۔ جائے حادثہ پر ابتدائی طور پر دوکرنیوں کی مدد سے بیم کو ہٹانے کی کوششیں کی گئیں لیکن ناکامی پر ڈریلر کی مدد سے بیم کو کاٹا گیا
اور جائے حادثہ پر گودام چورنگی سے بلوچ کالونی جانے والا راستہ بند کرکے ریسکیو کی کارروائی شروع کردی گئی۔
خوشیوں میں شرکت کے لیے جانے والے اہل خانہ ناگہانی آفت سے ماتم کدہ بن گئے۔ ہونی کو کون روک سکتا ہے اور کس کو زمہ دار ٹھیرایا جائے،
لیکن حادثے کے متاثرین کا ایک ہی سوال انکے لبوں پر رہ گیا کہ آخر کب شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام ٹھیک ہوگا کب یہ حادثے ختم ہوں گے اور کب قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے گا۔ سماء