آسٹریلیا سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا نیا چیمپئن بن گیا
ایپوہ: آسٹریلیا پچیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا نیا چیمپئن بن گیا، آسٹریلوی ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں حریف بھارتی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-0 گولز سے ہرا کر ریکارڈ نویں بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ کریگ تھامس اور میٹ گوہڈز نے 2، 2 گولز کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
ہفتہ کو ملائیشیا میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں آسٹریلوی ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو باآسانی 4-0 گولز سے ہرا کر ریکارڈ نویں بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، آسٹریلوی ٹیم پورے میچ میں بھارتی ٹیم پر حاوی دکھائی دی۔
میچ کے 25 ویں منٹ میں کریگ تھامس نے گول کرکے آسٹریلوی ٹیم کو برتری دلائی، 35 ویں منٹ میں کریگ تھامس نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی اور بھارتی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا، 43 ویں منٹ میں میٹ گوہڈز نے گول کر کے مقابلہ 3-0 گول کر دیا اور حریف ٹیم مزید دباﺅ کا شکار ہو گئی۔
کھیل کے 57 ویں منٹ میں میٹ گوہڈز نے دوسرا گول کر کے سکور 4-0 گول کر دیا اور آسٹریلوی ٹیم کی یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ سماء/ایجنسی