اذلان شاہ ہاکی کپ،نیوزی لینڈ نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی
ایپوہ: پچیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں نیوزی لینڈ نے میزبان ملائیشیا کو پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر 5-4 گولز سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
ہفتہ کو تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ اور ملائیشیا کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے بلیک کیپس کا ساتھ دیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 3-3 گولز سے برابر رہا تاہم پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔
ملائیشیا نے میچ کے 7 ویں اور 11 ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گولز کر کے حریف ٹیم کے خلاف برتری حاصل کی، اس کے بعد نیوزی لینڈ نے 27 ویں اور 43 ویں منٹ میں گولز کر کے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کر دیا لیکن اسی لمحے ملائیشیا نے تیسرا گول کر کے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی۔
میچ کے 59 ویں منٹ میں کین رسل نے گول کر کے ملائیشین ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 3-3 گولز برابری پر ختم ہوا۔ پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کو 5-4 گولز سے ہرا کر فتح اپنے نام کی، بلیک کیپس کی طرف سے شوٹ آﺅٹ پر ہوگو اینگلس، نک ولسن، نیال، جیمز اور جارج نے گول اسکورز کئے۔ سماء