خیبر پختونخوا میں مقیم افغان مہاجرین آج عید منارہے ہیں
اسٹاف رپورٹ
پشاور : خيبر پختونخوا ميں مقيم افغان مہاجرين بھی آج عید منا رہے ہیں۔ نماز عيد کا سب سے بڑا اجتماع پشاور کے نواحی علاقے شمشتو مہاجرکيمپ ميں ہوا۔
پشاورميں افغان مہاجرين نے سعودی عرب کے ساتھ عيد منانے کی روايت برقرار رکھی۔ صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقے ميں قائم شمشتوافغان مہاجرين کيمپ ميں نمازعيد کا سب سے بڑااجتماع ہوا جہاں ہزاروں مہاجرين کے ساتھ ساتھ کيمپ کے اطراف رہائش پذيرمقامی آبادی نے بھی نمازعيد ادا کی۔
اس موقع پرافغانستان اورپاکستان میں استحکام ، ترقی اورامن وامان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مسجد ميں سیکيورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نمازعيد کی ادائيگی کے بعد افغان مہاجرین نے سنت ابراہيمی کی پيروی کرتے ہوئے قرباني کا فريضہ انجام دیا۔
بچے بھی عید کے موقع پر بہت خوش و خرم نظر آئے اور ايک دوسرے کو گلے لگا کر مبارک باد ديتے رہے۔ سماء