میڈرڈ، بارسلونا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
میڈرڈ: یوئیفا چیمپئنز لیگ کے اہم فٹبال میچ میں ایتھلیٹکو میڈرڈ نے دفاعی چیمپیئن بارسلونا کو 2-0 سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، جب کہ بارسلونا اس شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
میڈرڈ میں کھیلے گئے کواٹر فائنل میچ میں بارسلونا کو میزبان ٹیم ایتھلیٹکو میڈرڈ کے خلاف برتری حاصل تھی لیکن اپنے ہوم گراونڈ میں میڈرڈ نے بارسلونا کو کوئی گول کرنے نہ دیا۔
بارسلونا کو میچ میں کچھ اہم مواقع بھی ملے لیکن ٹیم اسکا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی اور ایتھلیٹکو میڈرڈ کے خلاف کوئی گول نہ کرسکی، جب کہ میڈرڈ کی ٹیم زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شروع سے ہی میچ میں چھائی رہی اور دو گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
بارسلونا کی ٹیم میں موجود دنیا کے تین عظیم کھلاڑی نیمار، لینول میسی اور لیوس سوارز بھی میڈرڈ کے خلاف کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
میڈرڈ نے پہلا گول پہلے ہاف کے 36ویں منٹ میں کیا جب کہ دوسرا گول دوسرے ہاف میں پنالٹی کک پر کیا۔ کواٹر فائنل میچ کے دونوں گول اینٹوائن گیزرمین نے کیے۔
اسطرح ایتھلیٹکو میڈرڈ نے 3-2 کی مجموعی برتری کیساتھ بارسلونا کو شکست دیکر سیمی فائنل کے کوالیفائی کرلیا اور دفاعی چیمپیئن کو ایونٹ سے باہر کردیا۔ سماء