اسلام آباد : پارلیمنٹ نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانے سمیت چار بل اتفاق رائے سے منظور کرلئے ہیں۔
پارلیمنٹ نے پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانے سمیت چار بل اتفاق رائے سے منظور کرلئے، پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے تحریک پیش کی کہ پی آئی اے کارپوریشن کے بطور کمپنی محدود عامہ قیام کے انتظام کا بل پاکستان بین الاقوامی کارپوریشن (تبدیلی) بل 2016ءفی الفور زیر غور لایا جائے۔
جس کے بعد پارلیمنٹ نے پی آئی اے بل کو زیر غور لانے کی منظوری دے دی، جب کہ تمام شقوں کی منظوری بھی آج ہونے والے اجلاس میں دے دی گئی۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے تحریک پیش کی کہ پی آئی اے سی (تبدیلی) 2016ءبل منظور کیا جائے۔ پارلیمنٹ نے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دےدی۔
سینیٹر غوث محمد نیازی نے تحریک پیش کی کہ امیگریشن ترمیمی بل 2016ءزیر غور لایا جائے، ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد اسپیکر نے بل کی تمام شقوں کی منظوری حاصل کی۔ سینیٹر غوث محمد خان نیازی نے تحریک پیش کی کہ امیگریشن (ترمیمی) بل 2016ءمنظور کیا جائے۔ پارلیمنٹ نے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔
سینیٹر سعید غنی نے تحریک پیش کی کہ سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2016ءزیر غور لایا جائے، ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد اسپیکر نے بل کی تمام شقوں کی منظوری حاصل کی۔ سینیٹر سعید غنی نے تحریک پیش کی کہ سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2016ءمنظور کیا جائے۔
پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس نے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی، سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے تحریک پیش کی کہ نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2016ءمنظور کیا جائے جس کی پارلیمنٹ نے اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ سماء