اسلام آباد/ کراچی : پاک بحریہ نے کامیاب تجربے کے بعد ضرب میزائل کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا ہے، میزائل ساحل سے جنگی جہازوں کو کامیابی سے ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان بحریہ نے ساحل سے بحری جنگی جہازوں کو مار کرنے والے میزائل کی لانچنگ کا کامیاب تجربہ کیا، یہ تجربہ بحیرہ عرب میں کیا گیا، جہاں میزائل کو ساحلی علاقے سے فائر کیا گیا جس نے سمندر میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
کامیاب تجربے کے بعد میڈیا سے گفت گو میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کامیاب تجربے میں شامل تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہا، میزائل بیٹری کے عملے کو مبارک باد دیتے ہوئے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کا کہنا تھا کہ لانچنگ کے اس کامیاب تجربے سے پاکستان نیوی کے جنگی اثاثوں کی صلاحیتوں میں قابل ذکر اضافہ ہو چکا ہے، جو کہ پاک وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کو مزید ناقابل تسخیر بنائے گا اور خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں میزائل کی کامیاب لانچنگ کے لئے کی جانے والی انتھک کاوشوں کو سراہااور پاکستان نیوی میں ضرب میزائل کی شمولیت پر مبارکباد دی۔
اپنے پیغام میں سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ نئے میزائل سسٹم کا عملی صورت میں آپریشنل ہونا پاکستان نیوی کی حربی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
نیول چیف نے ضرب میزائل کے کامیاب تجربے اورنیوی میں اس کی شمولیت کو نیوی کی حربی تیاریوں کے لئے مہر ِسند اور ملک کی بحری سرحدوں کی دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں اہم قدم قرار دیا۔ سماء