ملتان میں گودام سے سامان چوری کرتے ہوئے خاتون گرفتار
اسٹاف رپورٹر
ملتان: ملتان کے ايک گودام سے چوری کرنے والے چھ افراد محلے والوں کي نظروں ميں آگئے۔ ان ميں سے پانچ تو بھاگ نکلے ليکن ان کي ساتھي عورت سامان سميت پکڑي گئي۔
ملتان کے علاقہ سمیجہ آباد میں صبح سویرے محمد ارشاد نامی دکاندار کے گودام سے چھ افراد نے تالے توڑ کر آٹے کی بوریاں، گھی اور دیگر سامان چوری کیااور چوری شدہ سامان گدھا گاڑی پر لاد کر فرار ہورہے تھے کہ علاقے والوں نے دیکھ لیا اور تعاقب کرتے ہوئے سامان سمیت ایک خاتون کو پکڑ لیا۔
پکڑی جانے والی خاتون پروین نے بتایا کہ اس کےساتھ دو خواتین سمیت پانچ ساتھی تھے جو فرار ہوگئے۔
بروقت اطلاع کے باوجود پولیس آٹھ گھنٹے تاخیر سے پہنچی اور خاتون کو گرفتار کرکے اسکے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ اسی گودام میں چھ ماہ قبل بھی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جس میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کردیا تھا۔